نئی دہلی،31مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اب این ایس جی کے سیکورٹی گھیرے میں رہیں گے۔وزارت داخلہ نے جمعہ کو یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔یوگی کو سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو، ملائم سنگھ یادو اور مایاوتی کے طرز پر ہی این ایس جی کا سیکورٹی کور ملے گا۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کواین ایس جی کور دینے کے لئے ان کو پہلے سے ملی ہوئی وائی زمرے کی سیکورٹی کو اب زیڈپلس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔یوپی کی گورکھپور لوک سبھا سیٹ سے ایم پی اور اب ریاست کے وزیراعلی کو اس سے پہلے مرکز کی جانب سے سی آئی ایس ایف کی سیکورٹی ملی ہوئی تھی۔اتر پردیش جیسی حساس ریاست کے وزیر اعلی یوگی کی حفاظت میں ریاستی پولیس کے اعلی کمانڈو کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں سے نمٹنے میں سب سے زیادہ قابل این ایس جی کے کمانڈو تعینات کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ سے ملی معلومات کے مطابق این ایس جی کے 28نوجوان ہر وقت یوگی آدتیہ ناتھ کی حفاظت میں تعینات رہیں گے۔ان این ایس جی کے قابل کمانڈو کے پاس شرپسندوں سے نمٹنے کے لئے جدید ہتھیار بھی موجود رہیں گے۔